ممبئی،27/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بدھ کو کہا کہ وہ اپنی پارٹی میں رہیں گے اور انہیں کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ نامزد وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے لیں گے۔مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لئے گزشتہ ہفتے بی جے پی کو حمایت دینے والے اجیت پوار نے کہا کہ ان کے این سی پی میں رہنے کے بارے میں وہم پیدا کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔اجیت پوار نے کہاکہ اب میرے پاس کہنے کے لئے کچھ نہیں ہے، میں صحیح وقت آنے پر بولوں گا۔میں پہلے بھی کہا تھا کہ میں این سی پی میں ہوں اور میں این سی پی میں ہی رہوں گا۔ وہم پیدا کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کابینہ میں مجھے شامل کرنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ کے طور پر ادھو ٹھاکرے کو لینا ہے۔میں کسی سے بھی ناراض نہیں ہوں۔میری پارٹی مجھے جو ذمہ داری دے گی، میں اسے قبول کروں گا۔ اس دوران این سی پی ممبر اسمبلی روہت پوار نے بدھ کو کہا کہ انہیں یقین تھا کہ ان کے چچا اجیت پوار پارٹی میں واپس آئیں گے اور انہیں خوشی ہے کہ اجیت پوار نے پارٹی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوار خاندان متحد ہے اور ہمیشہ رہے گا۔شرد پوار کے بڑے بھائی اپپاساحب پوار کے پوتے روہت پوار نے کہاکہ میں سمجھ نہیں کر پایا کہ یہ کیسے ہوا۔ایک کارکن کے طور پر مجھے اس کی وسیع معلومات نہیں ہے۔خاندان کے رکن کے طور پر کچھ کشمکش تھی، میں سمجھ نہیں سکا کہ کیا ہو رہا ہے۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے کے بعد اجیت پوار کے نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے پر انہیں کیسا لگا تھا۔روہت پوار نے کہاکہ ہمیں ان کی واپسی کا مکمل یقین تھا۔ہم دادا کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔پونے کی بارامتی سیٹ سے 1.65 لاکھ ووٹوں کے فرق سے اسمبلی انتخابات جیتنے والے این سی پی ممبر اسمبلی نے اپنی پارٹی اور خاندان کو گزشتہ ہفتے کے روز اس وقت حیرانی میں ڈال دیا تھا جب انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا اور وہ دیویندر فڑنویس کی قیادت والی حکومت میں نائب وزیر اعلی بنے۔